04:17 , 16 جون 2026
Watch Live

واٹس ایپ ویب ورژن میں گروپ وائس اور ویڈیو کال فیچر متعارف

واٹس ایپ ویب ورژن میں گروپ وائس اور ویڈیو کال فیچر متعارف

واٹس ایپ کی جانب سے اپنے ویب ورژن کے لیے ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے تحت صارفین جلد گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی استعمال کر سکیں گے۔ یہ فیچر کافی عرصے سے صارفین کی جانب سے طلب کیا جا رہا تھا۔

اگرچہ واٹس ایپ کے ویب ورژن میں پہلے ہی متعدد ایسے فیچرز موجود ہیں جو موبائل ایپ میں دستیاب ہیں، تاہم اب تک گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت شامل نہیں تھی۔

WhatsApp سے متعلق اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق فی الحال ویب ورژن میں ون ٹو ون چیٹس کے لیے وائس اور ویڈیو کالنگ دستیاب ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب ویب ورژن کے بیٹا مرحلے میں گروپ چیٹس کے اندر آڈیو اور ویڈیو کالز کا نیا فیچر شامل کر دیا گیا ہے، جو جلد تمام صارفین تک پہنچ سکتا ہے۔

اس نئے فیچر کے تحت ایک گروپ کال میں 32 افراد تک شامل ہو سکیں گے۔ کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، جس سے صارفین کی پرائیویسی مزید محفوظ رہے گی۔

گروپ کالز کے دوران اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے میٹنگز، پریزنٹیشنز اور آن لائن تعاون مزید آسان ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق گروپ کال لنکس بھی بنائے جا سکیں گے تاکہ دیگر افراد کو آسانی سے کال میں مدعو کیا جا سکے۔ ہر کال لنک منفرد اور محفوظ ہوگا، جبکہ استعمال نہ ہونے کی صورت میں 30 دن بعد خودکار طور پر غیر فعال ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION